عیدالفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے، عطاءاللہ تارڑ

عیدالفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے، عطاءاللہ تارڑ

وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے۔اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے۔ نگران دور میں بھی روپے کی قدر مستحکم رہی، اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بلومبرگ نے بھی کہا ہے کہ دو فیصد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے جبکہ بلومبرگ نے پیشنگوئی کی ہے کہ اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اشاریئے سامنے آ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے بہترین حل سامنے لا رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *