چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر خان نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی سے متعلق بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ مئی کے پہلے ہفتے میں رہا ہوجائیں گے۔
انہوں نے بونیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ہماری کوشش تھی کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی عید سے پہلے ہولیکن کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی ہوگئی۔چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے 3 کیسز میں سے 2 پر فیصلہ پہلے ہی معطل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہنا تھا کہ کسی مزاحمت کے بغیر اس مرتبہ رہائی ہوگی، توشہ خانہ کیس بے بنیاد بنایا گیا تھا، کیس کا نہ سر ہے نہ پاؤں، بشری بی بی نے نہ ہی پیسے لئے اور نہ ہی دیے ہیں، بشری بی بی کو کیس میں بانی پی ٹی آئی پہ پریشر ڈالنے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت پہلے دن کیس لگا تو نیب نے خود اسے معطل کرنے کا کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بونیر کی تعمیر و ترقی کے لئے میگا پروجیکٹ پر کام شروع کریں گے، بونیر میں ویمن یونیورسٹی کی بنیاد رکھیں گے۔
بشریٰ بی بی کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات
دوسری جانب گزشتہ روزعمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس کے لیے بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سے اڈیالہ جیل لایا گیا۔ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے عید کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ملاقات کرائی گئی جو کہ اڈیالہ جیل کانفرنس روم میں ہوئی۔ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل آمد پر عمران خان کو کانفرنس روم منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کو گلے لگایا اور ماتھے پر بوسہ دے کر عید کی مبارک باد دی، اس دوران بشری بی بی نے بھی بانی پی ٹی آئی کو عید کی مبارک دی، دونوں کے درمیان جاری رہنے والی ملاقات ایک گھنٹے پر مشتمل تھی۔