محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ، کشمیراور خطہ پوٹھوہار میں آندھی ، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی رات اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔تاہم خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہوائیں،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علا قوں میں گرم رہا۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا ، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں چند مقا ما ت پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارشوں کا سلسلہ 11 سے 15 اپریل تک جاری رہنے پیش گوئی کر رکھی ہے، کراچی میں 13 اور 14 اپریل کو تیز بارش کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نےالرٹ جاری کردیا، جس میں ڈپٹی کمشنرزکواقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوامیں 11 سے15 اپریل تک بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔جبکہ 11 سے 15 اپریل تک اسلام آباد، مری، گلیات، اٹک اور چکوال میں وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دورانیے میں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں12 سے14 اپریل تک مختلف حصوں میں بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد میں بھی 13 اور 14 اپریل کے دوران بارش کا امکان ہے۔