حب میں افسوسناک حادثہ پیش آگیا، درگاہ شاہ نورانی جانیوالے زائرین سے بھرا ٹرک گہری کھائی میں جا گرا،17افراد کے ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ٹھٹہ سے درگاہ شاہ نورانی جانے والے زائرین سے بھرا ٹرک عیاں پیر کےقریب کھائی میں گرا۔ٹرک کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ۔شاہ نورانی درگاہ کے اطراف کوئی بڑا اسپتال نہیں ہے رورل ہیلتھ سینٹر موجود ہیں جو دفتری اوقات تک کھلے ہوتے ہیں اور رات کے وقت بند ہوجاتے ہیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرک ویراب ندی کے قریب کھائی میں گرا ہے، وہاں دشوار گزار راستہ ہے، ممکنہ طور پر زیادہ زخمیوں کو کراچی منتقل کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کی ہدایات
وزیراعلی سرفراز بگٹی نے کمشنر قلات اور ڈپٹی کمشنر حب کو شدید زخمیوں کی کراچی منتقلی اور سندھ حکومت سے رابطے کی ہدایت بھی کی۔پولیس کے مطابق زائرین کا تعلق ٹھٹھہ سے ہے، جو شاہ نورانی جا رہے تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سانحے پر افسوس
وزیر داخلہ نے حب کے قریب زائرین کی گاڑی کھائی میں گرنے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر دلی دکھ ہوا ہے۔
ڈپٹی مئیر کراچی کا المناک حادثے پر افسوس کا اظہار
ڈپٹی مئیرکراچی نے نورانی درگاہ کے قریب ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈپٹی میئر کراچی کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو کراچی میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی مئیر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے حادثے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔