آرمی چیف جنرل عاصم منیر عیدالفطر کے روز اگلے وزیرستان میں اگلے مورچوں پر پہنچ گئے، جوانوں کیساتھ عید منائی اور مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میرانشاہ اور سپن وام کا دورہ کیا۔آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید کی نماز پڑھی اور عید منائی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں اور جوانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی، قوم کے لیے ان کے غیر متزلزل جذبے اور خدمات کو سراہا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سکیورٹی کی صورتحال اور پاک افغان سرحد کے ساتھ سرحدی حفاظتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے قربانیوں سے حاصل امن کی حفاظت کےلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ بھاری قربانیوں سے حاصل امن کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھاکہ شہدا کی قربانیوں کے بدولت ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ ماحول فراہم ہوا، قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں۔آرمی چیف نے امن و استحکام کےلیے فارمیشن کے کردار کو سراہا۔