ملک میں آج عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں، عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے اپنے اپنے آبائی علاقوں نمازعید ادا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف :
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔وزیراعظم نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق نماز کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم لوگوں سے عید ملے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری :
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی۔صدر مملکت اس موقع پر مسجد میں موجود لوگوں سے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز :
وزیراعلی پنجاب مریم نواز عید الفطرکے موقع سوشل ویلیفئر کمپلیکس پہنچ گئیں، وزیراعلی نے عید کے موقع پر اولڈ ایج ہوم کا بھی دورہ کیا اور بزرگوں سے ملاقات کی ۔
بلال بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ:
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں نماز عید ادا کی ، انہوں نے شہریوں سے مصافحہ کیا اور انہیں عید کی مبارکباد ی ۔اس کے علاوہ وزیراعلی سندھ مراد علی شا ہ نے بھی گڑھی خدا بخش میں نماز عید ادا کی۔
گورنر بلوچستان عبد الولی خان کاکڑ:
گورنر بلوچستان ملک عبد الولی خان کاکڑ نے گورنر ہائوس سبزہ زار میں نماز عید ادا کی ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی :
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نماز عید لاہور میں لاہور میں ادا کی ، وزیر داخلہ کی نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی ، انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی ۔
آصفہ بھٹو زرداری :
صدر مملکت آصف زرداری کی صاحبزادی عید کےپہلے روز نواب شاہ پہنچ گئیں ، آصفہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد پہلی بار نواب شاہ گئیں ہیں۔
سابق چیئرمین تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی:
پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور شاہ محمود قریشی نے عید کی نماز اڈیالہ جیل کی مسجد میں ادا کی۔ذرائع کےمطابق بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کا ٹیلفونک رابطہ:
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ایک دوسرے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام پیغام:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید، ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے، قوم سے اپیل ہے کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجودمعاشی طور پر کمزورلوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔ منگل کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت آصف زرداری کا قوم کے نام پیغام:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے، یہ دن ہمیں بحیثیت ِقوم رکاوٹوں کو دور کرنے، ضرورت مندوں کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھانے اور سب کے لئے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے، ہم سب کو اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں اخوت ، رواداری ، سماجی و معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔
عید الفطر 1445 ھ کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ عیدالفطر کے اس پُرمسرت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مبارک دن ہمارے لئے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں ، امن اور سلامتی لائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں روزے، نماز اور صدقات کی بجا آوری کے بعد اس مہینے کے اختتام پر ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اُس کی بے شمار نعمتوں اور توفیق سے ہمیں رمضان المبارک کی یہ تمام سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئی ہیں۔ رمضان کے دوران، ہم اطاعت ِ الٰہی ، تقویٰ ، ہمدردی اور سخاوت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوئے۔
ملک کی عسکری قیادت کا قوم کے نام پیغام:
ملک کی عسکری قیادت نے عیدالفطر کے موقع پرپوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نےپاکستان کے تمام شہریوں کو دلی عید مبارک پیش کی۔عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ ایک سپاہی کے لیے عید کا اصل کام فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے، اپنی قوم کی حفاظت، پیاروں سے دور رہنے اور عید کی خوشیوں میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پرمسرت موقع پر، آئیے ہم اپنے قومی ہیروز کی غیر متزلزل حوصلے پر غور کریں، جو پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم دونوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہم ان بہادر شہداء اور ان کے اہل خانہ کے ان کی قربانیوں کے لیے ہمیشہ شکر گزار ہیں۔ آئیے پاکستان کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت اور خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔