وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔وزیراعظم نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق نماز کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم لوگوں سے عید ملے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید، ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے، قوم سے اپیل ہے کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجودمعاشی طور پر کمزورلوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
رمضان المبارک میں اللہ رب العزت کی خوشنودی کیلئے عبادات کی ادائیگی اور پورا مہینہ صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے شمار برکتیں اور رحمتیں سمیٹنے کے بعد عید اللہ تعالیٰ کا اپنے مومنین کیلئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید، ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے۔ عید معاشرے میں اپنے معاشی طور پر کمزور بہن بھائیوں کو انکی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔میں اپنی پوری قوم سے یہ اپیل کرونگا کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجود ایسے لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شامل کریں جو معاشی طور پر کمزور ہیں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ عید کے اس موقع پر ہم مٹی کے اُن بیٹوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کر تے ہیں جنہوں نے اس ملک کے امن و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ہم اس موقع پر اپنے ان بہادر سپوتوں کو بھی سلام کرتے ہیں جو ہر قسم کے جغرافیائی و موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر خوشی کے اس موقع پر اپنے پیاروں سے دور سرحدوں کی حفاظت، ملکی امن و امان اور دنیا بھر میں امن مشنز میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
وطن کے یہ بہادر بیٹے اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے مجھ سمیت پوری قوم کے احترام اور عقیدت کے جذبات ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ غاصب قوتوں کے ہاتھوں ظلم و جبر کا شکار اپنے نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں کو دین اسلام کی اصل روح کے مطابق گزارنے اور اسلام کے انسانیت کی بھلائی کے دیرینہ اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پوری دنیا میں امن و بھائی چارہ قائم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔آمین۔