ملک میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

ملک میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام کے بعد آج بدھ کو عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں، عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام پیغام:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید، ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے، قوم سے اپیل ہے کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجودمعاشی طور پر کمزورلوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔ منگل کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

صدر مملکت آصف زرداری کا قوم  کے نام پیغام:

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے، یہ دن ہمیں بحیثیت ِقوم رکاوٹوں کو دور کرنے، ضرورت مندوں کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھانے اور سب کے لئے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے، ہم سب کو اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں اخوت ، رواداری ، سماجی و معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔

عید الفطر 1445 ھ کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ عیدالفطر کے اس پُرمسرت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مبارک دن ہمارے لئے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں ، امن اور سلامتی لائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں روزے، نماز اور صدقات کی بجا آوری کے بعد اس مہینے کے اختتام پر ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اُس کی بے شمار نعمتوں اور توفیق سے ہمیں رمضان المبارک کی یہ تمام سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئی ہیں۔ رمضان کے دوران، ہم اطاعت ِ الٰہی ، تقویٰ ، ہمدردی اور سخاوت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوئے۔

ملک کی عسکری قیادت کا قوم کے نام پیغام:

ملک کی عسکری قیادت نے عیدالفطر کے موقع پرپوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نےپاکستان کے تمام شہریوں کو دلی عید مبارک پیش کی۔عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ ایک سپاہی کے لیے عید کا اصل کام فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے، اپنی قوم کی حفاظت، پیاروں سے دور رہنے اور عید کی خوشیوں میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پرمسرت موقع پر، آئیے ہم اپنے قومی ہیروز کی غیر متزلزل حوصلے پر غور کریں، جو پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم دونوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہم ان بہادر شہداء اور ان کے اہل خانہ کے ان کی قربانیوں کے لیے ہمیشہ شکر گزار ہیں۔ آئیے پاکستان کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت اور خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *