کراچی میں بوہری برادری آج عیدالفطرجوش وخروش سے منارہی ہے۔
کراچی میں بھی بوہری برادری کی جانب سے صدر کی طاہری مسجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔عید کےموقع پر مسجد کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس اور رینجرز اہلکار سکیورٹی کے لیے تعینات تھے۔ خیال رہے کہ جبکہ پاکستان میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل 29 رمضان المبارک کو طلب کیا گیا ہے۔ چاند دکھائی دینے کی صورت میں عید الفطر بدھ 10 اپریل کو ہوگی جب کہ چاند دکھائی نہ دیا تو عید 11 اپریل کو ہوگی۔تاہم پیر کو محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ کل یعنی منگل کو خیبرپختونخوا میں مطلع مکمل صاف ہوگا اور چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے ایک ہفتہ پہلے ہی کافی وثوق سے پیش گوئی کی تھی کہ منگل 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند دکھائی دے گا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے جس کے بعد عیدالفطر بروز بدھ منائی جائیگی۔سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مختلف شہروں کی آبزرویٹریوں میں اجلاس ہوئے۔ اس کے علاوہ سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے بھی چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی تاہم مملکت میں کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی شہادت نہیں ملی۔ چاند نظر نہ آنے کے بعد 10 اپریل بروز بدھ کو یکم شوال 1445 ہجری ہوگی۔
خیال رہے کہ ماہرین فلکیات نے سعودی عرب میں عید الفطر بدھ کو ہونےکا امکان ظاہر کیا تھا۔رویت ہلال کمیٹی کے رکن عبد اللہ الخضیری کا کہنا تھا کہ پیر 29 رمضان 8 اپریل کو عید کا چاند دیکھنا نا ممکن ہے کیوں کہ فلکی حساب سے آج چاند سورج سے 12 منٹ پہلے ڈوب جائے گا یہی وجہ ہے کہ 29 رمضان کو چاند کا نظر آنا ناممکن ہے جب کہ منگل 30 رمضان 9 اپریل کو عید کا چاند واضح طور پر نظر آئے گا، منگل 30 رمضان کو عید کا ہلال 54 منٹ تک افق پر رہے گا۔