عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔ بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں بھی بھاری اضافہ کر دیا گیا۔
نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک ماہ کیلئے بجلی 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔ نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا اور یہ اضافہ فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔صارفین کو اپریل کے بجلی بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔ اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کےالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
بجلی چوری کے خاتمے کے لیے ڈیڈ لائن
وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے بجلی چوری کے خاتمے کیلئے 23اپریل تک کی ڈیڈ لائن دیدی۔اویس لغاری کی جانب سے تمام ڈسکوز کے چیئرمین اور سی ای اوز کو بجلی کی چوری کے خاتمےکے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔ پاور ڈویژن کےاعلامیے کے مطابق وفاقی وزیرِ بجلی نے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے، انہوں نے بجلی کی چوری کے خلاف کی جانے والی کوششیں ناکافی قرار دے دیں۔ وفاقی وزیرِ بجلی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدبابِ کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایس ایز، ایکسیئنز، ایس ڈی اوز اور متعلقہ فیلڈ اسٹاف کو اپنے علاقوں میں چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا، تمام چیف ایگزیکٹیو آفیسرز ان سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کر کے وزارت میں جمع کرائیں گے۔