سینئر پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

سینئر پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں اسلم اقبال کو پشاور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، 18مقدمات میں 10مئی تک راہداری ضمانت منظور کر لی گئی۔
پشاور ہائیکورٹ نے میاں اسلم اقبال کی 18 مقدمات میں 10 مئی تک راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمد اسلم اقبال کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس محمد اعجاز خان صابی نے سماعت کی۔ درخواستوں پر سماعت جج چیمبر میں ہوئی، دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اور ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل بھی پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف پنجاب کے مختلف تھانوں میں 18 مقدمات درج ہیں، درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ درخواست گزار عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا راہداری ضمانت دی جائے۔ درخواست گزار وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے میاں محمد اسلم کو 18 مقدمات میں 10 مئی تک راہداری ضمانت دیدی اور میاں محمد اسلم اقبال کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم بھی جاری کر دیا۔

میاں اسلم اقبال نے چند روز قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ میں بیٹی کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھا مجھ پر کیسز بنائے گئے۔ میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس سمیت کسی بھی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ہوں تو سامنے لائیں، جناح ہاؤس سمیت دیگر جگہوں پر ایک وقت میں کیسے ہو سکتا ہوں، پوری سیاسی زندگی میں ایسی بات نہیں کی کہ جس سے مجھے ضمیر ملامت کرے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عام انتخابات نے بانی پی ٹی آئی کے نظریے کو ثابت کیا، یہ جو حکمران بنے پھرتے ہیں حکمران نہیں وارداتی ہیں، انہوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا، پی ٹی آئی نے کلین سویپ کیا ہے، یہ پی ڈی ایم 2 ہے عوام کو کوئی ریلیف نہیں، گھریلو خواتین نے زیور بیچ کر بجلی کے بلز ادا کیے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ہر ادارے کو تباہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رات تین بندوں کی پریس کانفرنس سنی، یہ تینوں افراد ایک دوسرے کی کرپشن کی باتیں کرتے تھے، جب الیکشن ہو جاتے ہیں تو یہ آپس میں ایک ہو جاتے ہیں، انہوں نے عوامی مینڈیٹ چوری کیا یہ عوام میں سے نہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جائیں عوام میں پتہ کرائیں کون سی جماعت عوام کے دل پر راج کرتی ہے، کونسی جگہ ہے جہاں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نہیں جیتے، خدارا عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں، لوگوں کو روٹی نہیں مل رہی اور تمہیں میٹرو کی فکر ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا ہے کہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ہمیں حکومت کرنے دی جائے، ہم کام نہیں کر پائیں گے تو عوام مسترد کردیں گے، مینڈیٹ کی چوری کرکے پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی، پارلیمنٹ کی اتنی بے توقیری کی کہ اب کوئی اعتماد نہیں کر رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *