شہریوں کو عیدالفطر سے قبل اے ٹی ایم کے ذریعے رقوم کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہری کوئٹہ میں اے ٹی ایم مشینیں کہیں غیر فعال ہیں تو کہیں بند پڑی ہیں۔جس کے باعث صارفین کو عید الفطر کی خریداری میں مشکلات کاسامنا ہے۔ عید الفطر میں چند روز باقی ہیں اور عید کی خریداری بھی عروج پر پہنچ گئی لیکن اے ٹی ایم کے ذریعے رقم کا حصول شہریوں کے لئےدرد سربنا ہوا ہے ، شہری کہتے ہیں کہ اکثر اے ٹی ایم مشینیں خراب ہیں یا بند پڑی ہیں۔جہاں اے ٹی ایم مشینیں فعال ہیں وہاں رش کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔صارفین نے مطالبہ کیا کہ بینکوں کی انتظامیہ اے ٹی ایم مشینوں کو فعال بنائے تاکہ عید کے دنوں میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے عید الفطر کی بینک تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عید کی تعطیلات کا اعلان کردیاگیا ہے ۔اعلامیہ کے مطابق بینک دولت پاکستان عید الفطر کے موقع پر 10 تا 12 اپریل 2024 (بدھ تا جمعہ)عام تعطیلات کے سبب بند رہے گا۔ ان تاریخوں پر کمرشل بینک بھی بند رہیں گے۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے سلسلے میں 4 تعطیلات کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے سلسلے میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے 10 اپریل سے 13 اپریل تک بند رہیں گے۔