ملک میں مہنگائی ہونے کے باوجود پاکستان کے تین شہر دنیا کے سستے ترین شہروں میں شامل ہو گئے۔
اعداد و شمار جاری کرنے والی کمپنی نمبیو نے نیویارک کے رہائشیوں کے طرز زندگی کے اخراجات کو مدنظر رکھ کر درجہ بندی کرتے ہوئے فہرست مرتب کی ہے۔
نمبیو نے دنیا بھر کے 327 شہروں کی درجہ بندی کی ہے ان میں تین پاکستانی شہر بھی شامل ہیں۔ اس فہرست کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے 3 شہر زیورخ، لوزان اور جنیوا دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار دیے گئے ہیں۔
نیویارک اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر باسل اور برن بالترتیب 5 ویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ امریکی شہر بوسٹن دسواں مہنگا ترین شہر قرار پایا۔
مرتب کی گئی اس فہرست کے مطابق دنیا کا سستا ترین شہر بھارت کا Coimbatore ہے، جس سے اوپر مصری شہر اسکندریہ موجود ہے۔
اعداد و شمار جاری کرنے والی کمپنی نمبیو کے مطابق لاہور اور کراچی بالترتیب دنیا کے تیسرے اور چوتھے سستے ترین شہر ہیں، دونوں پاکستانی شہر زیورخ کے مقابلے میں 85 فیصد سستے قرار دیے گئے ہیں۔
سستے شہروں کی فہرست میں پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد 314 ویں نمبر پر ہے جو زیورخ سے 83 فیصد سستا قرار دیا گیا ہے۔