محکمہ موسمیات کی منگل سے بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی منگل سے بارشوں کی پیشگوئی

پاکستان کے مختلف علاقوں میں منگل سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق 18 فروری سے 20 فروری تک بارشوں کا سسٹم ملک میں داخل ہو رہا ہے جس سے مختلف علاقوں میں بارشیں اور پہاڑی مقامات پر برفباری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق 18 فروری سے 20 فروری تک ایک طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس سے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور پنجاب کے کچھ اندرونی علاقوں میں بارشیں ہوں گی۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، لیکن آج بارش کے امکانات نہیں ہیں اور موسم خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم شمالی پاکستان کے 80 فیصد حصے کو متاثر کرے گا، جس کے نتیجے میں کے پی کے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں برفباری اور تیز بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان میں بھی اچھی بارشیں متوقع ہیں، خاص طور پر کوئٹہ، زیارت، ژوب، چاغی، قلعہ سیف اللہ اور خضدار میں بارشوں کا امکان ہے۔

 فی الحال بارش کا کوئی بڑا امکان نہیں، تاہم نئے سسٹم کے تحت سندھ کے کچھ علاقوں جیسے سکھر اور لاڑکانہ میں ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے مگر بارش کا کوئی امکان نہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں 19 سے 21 فروری تک اچھے بارشوں کی توقع ہے اور جنوبی و وسطی علاقوں میں بارش کے 2 یا 3 اسپیل ہونے کا امکان ہے، جب کہ اسلام آباد میں بھی بارش کے 2 یا 3 اسپیل ہو سکتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *