آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، فاسٹ بولر حارث رؤف انجری سے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور میدان میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق حارث رؤف 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہ سہ فریقی سیریز کے ابتدائی میچ میں سینے کے نچلے حصے میں پٹھوں میں کھنچاؤ کا شکار ہو گئے تھے، جس کے باعث انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا تھا۔ تاہم بحالی کے بعد وہ مکمل فٹ قرار دیے گئے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی کے نئے تعمیر شدہ نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔