پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے حتمی مرحلے میں داخل

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے حتمی مرحلے میں داخل

پاکستان اور آذربائیجان نے اسٹریٹجک تعاون اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کر لیا ہے، جس کے تحت آذربائیجان پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان 2 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدوں پر جلد دستخط متوقع ہیں، جنہیں حتمی شکل دینے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ یہ کونسل براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے یکساں پالیسی مرتب کرنے کا مینڈیٹ رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے حالیہ دورہ آذربائیجان میں باکو میں وزیر اعظم علی اسدوف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور نجکاری میں سرمایہ کاری کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں دونوں ممالک نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی اور مواصلاتی روابط بڑھانے پر بھی غور کیا، جبکہ آذربائیجان نے پاکستان کے موٹر وے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مشترکہ توانائی، قابل تجدید توانائی اور توانائی کی بچت کے منصوبوں پر بھی بات چیت جاری ہے۔

آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے نجکاری پروگرام میں شمولیت کے اظہارِ دلچسپی کو اسلام آباد حکومت نے مثبت انداز میں سراہا ہے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جو طویل مدتی اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *