ملک میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور رمضان المبارک سے قبل بھی اس پر قابو نہ پایا جا سکا۔ عام مارکیٹ میں چینی کی قیمت 160 روپے فی کلو تک جا پہنچی، جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔
2025 کے آغاز سے اب تک چینی کی قیمت میں 15 روپے 63 پیسے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں یہ اضافہ 22 روپے 42 پیسے تک جا پہنچا۔ رواں سال کے آغاز پر چینی کی اوسط قیمت 138 روپے 64 پیسے فی کلو تھی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق شہباز حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، جبکہ آخری بار اکتوبر 2024 میں 15 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی۔
دوسری جانب شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کم قیمت پر چینی فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے، ان کا مؤقف ہے کہ چینی کی پیداواری لاگت 170 روپے فی کلو ہے، اور کم قیمت پر فروخت کرنے سے انہیں نقصان ہوگا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے رمضان کے دوران عام مارکیٹ میں چینی کی قیمت 140 روپے تک رکھنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ رمضان بازاروں میں چینی 130 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی۔