پاکستانی نوجوان کی محبت میں ناکام ہونے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو دبئی میں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اونیجا 7 فروری کو کراچی سے دبئی پہنچی اور وہاں سے نیویارک روانہ ہونا تھا، مگر اس نے اپنی پرواز چھوڑ دی اور دبئی میں رک گئی۔ امریکی حکام نے خاتون کو تلاش کیا، اور جب دبئی کی سڑکوں پر اس کی ویڈیوز منظر عام پر آئیں، تو اماراتی حکام نے اسے حراست میں لے لیا۔
چونکہ خاتون نے کوئی قانونی خلاف ورزی نہیں کی، اس لیے اسے زبردستی امریکا نہیں بھیجا جا سکتا۔ تاہم، کسی بھی ایئرلائن نے اسے 15 گھنٹے کی طویل پرواز میں لے جانے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔ اب ممکنہ طور پر اسے راضی کرکے ہی امریکا بھیجا جائے گا۔
واضح رہے کہ اونیجا رابنسن اکتوبر 2024 میں پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر کراچی آئی تھیں، لیکن ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی کئی ماہ تک یہیں مقیم رہیں۔ بالآخر، 7 فروری کو وہ پاکستان سے روانہ ہوئیں مگر امریکا پہنچنے سے قبل دبئی میں رک گئیں، جہاں انہیں اب قانونی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔