چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب لاہور کے شاہی قلعے میں دھوم دھام سے منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی کرکٹ کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب میں 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، جنہیں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو جیف الرڈائس، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان، وزیر کھیل فیصل کھوکھر اور لاہور قلندرز کے عاطف رانا سمیت متعدد سیاسی اور سابق کرکٹ شخصیات نے شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستانی ٹیم کو خصوصی طور پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ یہ ہمارے لیے بہت فخر کی بات ہے کہ 29 سال بعد پاکستان میں ایک بار پھر آئی سی سی کا ایونٹ منعقد ہو رہا ہے۔ اس کے لیے وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت کی مکمل سپورٹ حاصل رہی اور سیکورٹی ایجنسیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اب وقت ہے کہ ہمارے فینز اسٹیڈیمز آئیں اور کرکٹ کا لطف اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چار ٹیمیں پہلے ہی پاکستان پہنچ چکی ہیں جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی 48 گھنٹوں میں پہنچ جائیں گی۔ ہم نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے بڑی محنت کی ہے اور آئی سی سی کی ٹیم نے بھی بہترین کام کیا ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف الرڈائس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ایک بار پھر گلوبل کرکٹ ایونٹ کا انعقاد ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ 1996 کے بعد پہلی بار پاکستان میں ایسا بڑا ایونٹ منعقد ہو رہا ہے۔ ہم دنیا کی بہترین 8 ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش صرف 117 دنوں میں مکمل کی گئی، جو ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ہم براڈکاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کے بغیر اس ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کامیاب ہوگا۔ 2017 میں بھارت کے خلاف فتح کے بعد پوری قوم نے ہمارا جس طرح استقبال کیا، وہ لمحات میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ پاکستانی ٹیم کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہ مشکل حالات میں بھی اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ ایک شاندار تجربہ رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہر میچ اہم ہوگا اور ہمیں ہر حریف کے خلاف بہترین کرکٹ پیش کرنی ہوگی۔
جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی جے پی ڈومینی نے کہا کہ 1998 میں ہم نے پہلی بار چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اور اس بار ہماری ٹیم بہت متوازن ہے۔ پاکستان کی پچیں ہمارے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتی ہیں اور ہماری ٹیم نے اس ٹورنامنٹ کے لیے بہترین تیاری کی ہے۔
تقریب کے اختتام پر 2017 کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں سرفراز احمد، وہاب ریاض، محمد عامر، اظہر علی، عماد وسیم، جنید خان، شاداب خان، حارث سہیل اور محمد حفیظ کو وائٹ جیکٹ پہن کر اسٹیج پر مدعو کیا گیا، جہاں انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، جس میں دنیا کی 8 بہترین ٹیمیں اپنی کرکٹ کا جوہر دکھائیں گی۔ پاکستانی فینز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسٹیڈیمز کا رخ کریں اور اپنی ٹیم کا بھرپور ساتھ دیں۔