18اور 19فروری کو ملک کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان

18اور 19فروری کو ملک کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18،19 فروری کوملک کے کچھ علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی میٹ صاحبزاد خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کم بارشیں ہورہی ہیں، جون جولائی تک موسم نارمل ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج رات موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کا بھی امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کسی ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے عمران خان کی سزا ختم نہیں ہوسکتی، گورنر پنجاب

سوموار کے روز اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں رات کے وقت شدید سردی کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام اور ان کے اطراف میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مری، گلیات اور ان کے اطراف میں مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور ابر آلود رہے گا جبکہ کوئٹہ، زیارت، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، چاغی اور ان کے اطراف میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور ابر آلود رہے گاجبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لہہ میں منفی 08 ڈگری، کالام اور گوپس میں منفی 04 ڈگری، بگروٹ میں منفی 03 ڈگری، اور سکردو میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *