سندھ بھر میں سرکاری اداروں میں سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال پر پابندی لگا دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے احکامات کے مطابق سرکاری افسران اور ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران موبائل فون سے ویڈیوز بنانے یا سوشل میڈیا پر سرکاری امور کی تشہیر کرنے سے منع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر، گاڑیوں، یا یونیفارم میں تصاویر اپ لوڈ کرنا یا سرکاری ذمہ داریوں کی نمائش کرنا ضابطہ اخلاق کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔ ایسا کرنے والے افسران یا ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو خط لکھ کر ہدایات جاری کی ہیں کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔سرکاری اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سرکاری امور سے متعلق پوسٹنگ سے گریز کریں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں، یونیفارم، یا دفاتر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو اپنے فرائض کے دوران پیشہ ورانہ رویہ اپنانا چاہیے اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے بچنا چاہیے۔