علی زیدی کی پی ٹی آئی رہنماؤں کو وارننگ دیدی

علی زیدی کی پی ٹی آئی رہنماؤں کو وارننگ دیدی

سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کو خبردار کرتے ہوئےکہا ہےکہ میری خاموشی کو غلطی سےکوئی کمزوری نہ سمجھے ۔

سابق وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر اسٹیبلشمنٹ کے کسی عہدیدار سے ملاقات نہیں کی، بات چیت ہر سطح پر ہوتی ہے، ہر مسئلے کا حل بات چیت سے ہی نکلتا ہے۔ لیکن پی ٹی آئی کے اندر کچھ مفاد پرست ٹولے نے سازشیوں نے حسد میں جھوٹا بیانیہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج بھی پی ٹی آئی میں ان مفاد پرست سازشیوں کو دیکھ رہا ہوں اور اچھی طرح جانتا ہوں ، میری خاموشی کو غلطی سے کمزوری نہ سمجھ بیٹھنا! بیشک اللّٰہ الحق ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ اظہر نے علی زیدی کے بیان کے جواب میں کہا کہ کس کس کے تانے بانے کون کون چلارہا ہے، علی زیدی عمران خان کی مرضی کے بغیر مقتدر حلقے سے رابطے میں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد بانی پی ٹی آئی نے اپنی موجودگی میں علی زیدی کی رکنیت خارج کی، علی زیدی کی سابق وزارت کی موٹی فائل بانی پی ٹی آئی کے پاس موجود ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کوہاٹ میں ایک جلسے کے دوران اپنی ہی پارٹی قیادت کو دھمکی دیدی تھی ۔شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں۔ چند لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اب تک خاموش ہوں، مجھے پھٹنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی ان لوگوں کی ہے جن کی مائوں بہنوں کی بے عزتی ہوئی ہے۔ شہریار آفریدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پارٹی قیادت کو بھی پیغام دیا کہ کارکنان کو اوپر لائیں۔ان کا کہنا تھا پارٹی میں پیراشوٹ سے آئے ہوئے لوگوں کو مسترد کرتے ہیں، جنہوں نے پیٹھ میں چھرے گھونپے ان کو پھر سے گلے لگانے نہیں دیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *