چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب آج لاہور کے شاہی قلعہ کے دیوان عام میں ہوگی، جہاں لیجنڈری کرکٹرز، آئی سی سی کے اہم عہدیدار اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوں گی۔
معروف گلوکار عاطف اسلم چیمپئنز ٹرافی کے آفیشل ترانے پر پرفارم کریں گے۔ کراچی میں بھی ایونٹ کی افتتاحی تقریب 19 فروری کو ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں پہلے میچ کے ساتھ ہوگا، جس میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ 23 فروری کو دبئی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔
19 دن تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی کے میدان کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلوں کی میزبانی کریں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا، اور فاتح ٹیم کو 61 کروڑ روپے سے زائد کی انعامی رقم ملے گی۔
بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دبئی پہنچ چکی ہیں، جبکہ بنگال ٹائیگرز کل پاکستان شاہینز کے خلاف پریکٹس میچ کھیلیں گے۔
افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج کراچی میں وارم اپ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ آسٹریلوی ٹیم 17 فروری اور انگلینڈ کی ٹیم 18 فروری کو لاہور پہنچے گی۔