قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیر پاؤنے کہا ہے کہ ملک میں صحیح جمہوریت اور فلاحی ریاست کی ضرورت ہے ، 2024میں ہو نیوالے عام انتخابات نے ملک میں مزید سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار صوبائی چیئر مین صوبائی چیئر مین نے گائوں شیرپاؤ میں شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی برسی کے انعقاد پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔
اس موقع پر سکندر حیات خان شیر پاؤ نے تمام عہدیداران اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشاء اللہ مستقبل میں بھی متحد ہوکر پارٹی کاز اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے عملی جدوجہد کریں گے۔
برسی میں ہر مکتبہ فکرکے لوگوں کی شرک نے اس تاثر کو غلط ثابت کردیاکہ نوجوان ایک خاص جماعت کیساتھ ہیں۔ انہوں نے برسی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو اس بات کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شہید قائد حیات محمد خان شیرپاؤ اور ملی رہبر آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے والہانہ عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ ہم ایک ایسی فلاحی ریاست چاہتے ہیں جس میں آئین کا عوام پر یکساں اطلاق ہواورتمام ریاستی ادارے اپنے دائرے میں رہتے ہوئے کام کر یں۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کی محرومیوں کا ازالہ کرکے ہمارے صوبے کیساتھ وسائل کی تقسیم اور دیگر قومی پالیسیوں میں مرکز کی طرف سے سوتیلی ماں جیساسلوک فوری طور بند ہونا چاہیے ۔
انہوں نے خیبر پختونخوا پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تیسری بار بھی عوام کیلئے کچھ نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اہم ترجیح صوبہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود نہیں بلکہ اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن عام عروج پر ہے اور اگر یہی صورت حال رہی تو صوبے کے عوام مزید مشکلات کا شکار ہوں گے۔