سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے سعودی عرب کے شہر العلا میں ہونے والی ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس کے دوران پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کا پرتپاک استقبال کیا۔
16 اور 17 فروری 2025 کو منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں وزرائے خزانہ، مرکزی بینک کے گورنرز، پالیسی سازوں اور ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے سرکاری و نجی شعبے کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں اور تعلیمی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیر مملکت ڈاکٹر حماد محمد الشیخ اور پاکستان کے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم بات چیت کی گئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں تعاون اور مشترکہ ترقی کے مواقع تلاش کرنا تھا۔
العلا میں ہونے والی اس ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس کا مقصد ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتوں کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنا اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔ اس تقریب نے عالمی رہنماؤں کو ایک ایسا منفرد پلیٹ فارم فراہم کیا جس پر وہ گھریلو، علاقائی اور عالمی اقتصادی ترقی کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کر سکیں اور جامع خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پالیسیوں اور اصلاحات پر گفتگو کر سکیں۔