سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف نے ساتھیوں سمیت جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے ہتھلا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور 9 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونیوالے خارجیوں میں فرمان عرف ثاقب، امان اللہ عرف طوری، سعید عرف لیاقت اور بلال شامل ہیں۔ یہ دہشتگردقانون نافذکرنےوالےاداروں کوانتہائی مطلوب تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں ایک اور کارروائی کرتے ہوئے 6 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف 3 ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔ شہدامیں نائب صوبیدارمحمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان شامل ہیں۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔