محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے تینوں روز ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی ۔
رپورٹس کے مطابق اگر پاکستان میں اس سال رمضان المبارک 29روزوں کا ہوا تو پھر عید الفطر10اپریل بروز بدھ کی بنے گی۔ عید کے قریب آتے ہی موسم کے تیور بھی بدلتے جار رہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے عید کے پہلے اور دوسرے روز 10 اور 11 اپریل کو ملک کے بیشتر علاقوں خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے،تاہم اس دوران مختلف مقامات پر موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے تیسرے روز بھی جنوبی پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ شمالی علاقوں میں بلند پہاڑوں پر برف باری کاامکان ہے تاہم سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔
رپورٹ کےمطابق جمعہ 13اپریل کو بھی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں اکژ مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے ۔جبکہ سندھ، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ شمالی علاقوں میں بلند پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے حوالے سے 9 سے 10 اپریل تک شہر کا درجہ حرارت بڑھنے کی پیشگوئی کردی اور پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کردیا۔کراچی میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے جبکہ بالائی، وسطی اضلاع میں دن میں موسم گرم رہے گا اور پارہ 38 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔