راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ تلخ کلامی کے بعد لڑائی ہو گئی ، اس دوران فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ دے مارا۔ جس کے بعد شعیب شاہین زمین پر گر گئے۔
لڑائی کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں دیں۔ فواد چودھری نے شعیب شاہین کو ایجنسیوں کا ٹاؤٹ قرار دیتے ہوئے کہا،”تم ایجنسیوں کے ٹاوٹ ہو”، جس پر شعیب شاہین نے جواب دیا،اپنے کام سے کام رکھو۔
موقع پر موجود جیل عملے نے بیچ بچاؤ کیا اور دونوں رہنماؤں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر دیا۔ جھگڑے کے بعد فواد چودھری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے، جبکہ شعیب شاہین کو زمین پر گرنے کے باعث بازو پر چوٹ آئی۔
دوسری جانب اڈالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر فواد چوہدری اور شعیب شاہین کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ چشم دید گواہ نادیہ خٹک نے اس واقعے کے حوالے سے بیان دیا۔
نادیہ خٹک نے کہاکہ فواد چوہدری کو ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ فزیکلی جو کچھ انہوں نے کیا، وہ بہت برا تھا۔ شعیب شاہین کو انہوں نے مارا جس سے وہ زمین پر گر گئے۔ نادیہ خٹک نے مزید کہاجو بھی اختلافات ہوں، وہ زبانی کلامی ہونے چاہیے، لیکن کسی کو مارنا بالکل نہیں چاہیے تھا۔ شکر ہے کہ شعیب شاہین کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی، تاہم ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی۔ وہ زمین سے اٹھے اور واقعے کے بعد محفوظ رہے۔