گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے لیے انتباہ جاری کر دیا گیا، اب گھر میں گاڑی دھونے اور پائپ کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں گھروں کے اندر گاڑیاں دھونے پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد محکمہ ماحولیات نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کے مطابق گھر میں گاڑی دھونے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
محکمہ ماحولیات نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کے تحت تمام غیرقانونی سروس اسٹیشنز کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ کے مطابق جو سروس اسٹیشن پانی کو ری سائیکل کرنے کا نظام نہیں رکھتے، ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب نے 28 فروری تک تمام سروس اسٹیشنز کو پانی ری سائیکلنگ سسٹم نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کے تیل سے گاڑی دھلوانے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ گھروں میں گاڑی دھونے یا پائپ کے استعمال پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
اس کے علاوہ تعمیراتی مقامات پر زمینی پانی کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ پنجاب انوائرمنٹل ایکٹ کے تحت یہ تمام پابندیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔