سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے دعوی کیا ہے کہ جنرل (ر) فیض حمید کا فیلڈ کورٹ مارشل مکمل ہو گیا ہے۔جلد سزا کا اعلان متوقع ہے ۔
سینئر صحافی نےآزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ جنرل (ر) فیض حمید کا فیلڈ کورٹ مارشل ہو چکا ہے اب ان کی سزا کے تعین کا مرحلہ چل رہا ہے۔ انہیں پھانسی یا عمر قید میں سے کوئی ایک سزا ہونے کے امکانات ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سزا کا یہ عمل آئندہ چند ہفتوں کے دوران سامنے آسکتا ہے ۔ میری اطلاعات کے مطابق تمام گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں اور تمام شہادتیں پوری ہو گئیں ہیں ، جنرل فیض حمید کے گھر سے کچھ کاغذات بھی برآمد ہوئےتھے جو کہ ان کے پاس نہیں ہونے چاہییں تھے، ان پر یہ چارج بھی ہے ۔
مزمل سہروردی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں سزا کا اعلان متوقع ہے ، میرے خیال میں جنرل (ر)فیض حمید کو عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے ۔
انہوں نے عمران خان کے تیسرے خط کے حوالے سے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ہر خط فوج اور تحریک انصاف کے درمیان فاصلے پیدا کر رہا ہے ۔میرا نہیں خیال ہے کہ بانی کے اس عمل سے کوئی بات چیت کا راستہ نکل سکے گا ۔
سینئر تجزیہ کار کا مزید کہنا تھا کہ ہر خط فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان کشیدگی اور بد اعتمادی کو بڑھا رہا ہے۔