وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ریاست کی مخالفت کے باوجود قوم اورہمارے بچوں کے مستقبل کیلئے مقابلہ کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کے دوران چیف منسٹر کے پی کے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ کچھ وجوہات ہیں جن کی بناء پر پاکستان ترقی نہیں کرسکا جس طرح ملک کی بنیاد رکھی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا وہی قومیں آگے اور ملک آگے جاتے ہیں جو انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہیں ۔
کامیاب انسان وہی ہوتا ہےجو دوسروں کی کامیابی پر خوش ہو۔ انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کو ملا تو ان سے گفتگو کے دوران میں نے ان سے کہا دو چیزیں بیماری ہیں جن کو کوئی بیماری سمجھتا ہی نہیں، عدم تحفظ اور حسد کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنے اندر تباہ و بربادہورہےہوتے ہیں علاج نہیں کراتے، کوئی کامیاب ہورہا ہے تو اس پر خوش ہونا چاہیے۔
علی امین کا مزید کہنا تھا کہ بانی پارٹی پوری ریاست کی مخالفت کے باوجود قوم اور ہمارے بچوں کیلئے مقابلہ کررہے ہیں، عمران خان کے وژن کے مطابق ہمارا ریونیو 55 فیصد بڑھ گیا ہے، خیبرپختونخوا میں ہر محکمے کی بہتری کے لئے کام کریں گے، ہم صوبےکے عوام کی بہتری کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔