وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے شیر افضل مروت کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کر دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات کی، ملاقات میں شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر بات چیت کی گئی، انہوں نے عمران خان سے شیر افضل مروت کے متعلق نظر ثانی کی درخواست کی۔
اس کے علاوہ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے عمران خان کو صوابی جلسے، پارٹی اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آنیوالوں میں علی امین گنڈاپور کے علاوہ صوبائی وزیر سہیل آفریدی ، حلیم عادل شیخ ، بریگیڈئیر مصدق عباسی، سیمابیہ طاہر ، سابق ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی اور صوبائی وزیر تیمور جھگڑا شامل تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔