امریکی سائنسی ایجنسی نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (NOAA) نے ٹائٹن نامی آبدوز کی تباہی کے وقت کی مبینہ خوفناک آڈیو جاری کر دی۔
یہ آبدوز سمندر میں موجود ٹائی ٹینک کے ملبے کی جانب سفر کے دوران تباہ ہو گئی تھی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 20 سیکنڈ کی اس آڈیو میں کسی چیز کے پھٹنے کی آواز سنائی دیتی ہے، جس کے بعد شدید شور ریکارڈ کیا گیا ہے
رپورٹس کے مطابق یہ آوازیں اوشین گیٹ ایکسپیڈیشنز کی آبدوز ٹائٹن کی تباہی کے وقت کی ہیں، جو ٹائٹینک کے ملبے کی تلاش کے دوران حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ آڈیو ایک موڈ پیوسیو ایکوسٹک سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کی گئی تھی، جو اس جگہ سے تقریباً 900 میل دور تھا جہاں آبدوز پانی کے دباؤ کی وجہ سے تباہ ہوئی۔
امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ اس آڈیو کلپ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ٹائٹن آبدوز کے پھٹنے کی آواز اوردھماکے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے صوتی اثرات کا مجموعہ ہے۔
واضح رہے کہ یہ آبدوز 18 جون 2023 کو بحر اوقیانوس میں ٹائٹینک کے ملبے کی جانب سفر کے دوران لاپتا ہو گئی تھی۔ کئی دن کی شدید تلاش کے بعد اس کا ملبہ دریافت ہوا تھا۔اس خوفناک حادثے میں آبدوز میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اسٹاکٹن رش، دو پاکستانی شہری شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد، نیز ہیمش ہارڈنگ اور پال ہنری نارجیولیٹ شامل تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ آبدوز کے لاپتا ہونے کے فوراً بعد ہی یہ حادثہ پیش آیا ہوگا۔