ڈی جی آئی اے ای اے کی وزیر اعظم سے ملاقات، نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق تقریبات میں شرکت

ڈی جی آئی اے ای اے کی وزیر اعظم سے ملاقات، نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق تقریبات میں شرکت

ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ڈاکٹر رافیل ماریانو گروسی نے بدھ کو وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے شعبے میں پاکستان کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈی جی آئی اے ای اے، جو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں، نے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔ ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا اور چیئرمین PAEC ڈاکٹر راجہ علی رضا انور اور کمیشن کے ارکان سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ بالخصوص پاکستان میں IAEA کے ‘ایٹمز فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ’ پروگرام کو نافذ کرنے میں PAEC کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

سرکاری مہمان نے بعد میں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (PNRA) ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا اور ویمن ان نیوکلیئر (WiN) تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ملک میں جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقدامات کو سراہاـ اس تقریب کا اہتمام WiN Pakistan نے کیا تھا جو WiN-IAEA کے تحت کام کر رہا ہے۔

خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی جی IAEA نے IAEA کے WiN کے اقدام پر روشنی ڈالی جس کے نتیجے میں ایجنسی میں خواتین کی ملازمت میں حصہ پانچ سالوں میں دوگنا ہو گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں جوہری اور اس سے منسلک شعبوں میں خواتین کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “ایٹمی سائنسز نے صحت کے شعبے میں خاص طور پر کینسر کی تشخیص اور علاج میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ خواتین پاکستان میں تمام اہم شعبوں میں اپنے کیریئر کو آگے بڑھا رہی ہیں، خاص طور پر جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں’ جو کافی حوصلہ افزا ہے۔”

بعد ازاں ڈی جی IAEA نے NUST، اسلام آباد میں نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی پر ایک سیمینار میں بھی شرکت کی۔ اسٹریٹجک ویژن انسٹی ٹیوٹ (SVl) کے زیر اہتمام اس سیمینار میں زراعت، صحت کی دیکھ بھال اور بجلی کی پیداوار کے شعبے میں جوہری تکنیک کے استعمال سے ملک کی سماجی اقتصادی ترقی میں نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

اس موقع پر ڈی جی آئی اے ای اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ڈاکٹر رافیل ماریانو گروسی نے مزید کہا کہ پاکستان کی آئی اے ای اے کے ساتھ شراکت داری کی ایک اہم تاریخ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ترقی اور انسانیت کی بھلائی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال ناگزیر ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *