ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان 2 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں ، یہ ان کا پانچ سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا جس میں ان کی وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور عالمی سیاسی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر ساتویں پاک ترک ہائی لیول اسٹریٹیجک کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ، دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر کا دورہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کے دورے کے بعد ہو رہا ہے، اور ان کے ہمراہ ترک وزرا، سینیئر حکام اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
رجب طیب اردگان 13 فروری کو پاکستان میں مصروف دن گزاریں گے ، وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعاون، تجارتی تعاون سمیت مختلف شعبوں کو زیر بحث لایا جائے گا ۔
ان ملاقاتوں میں عالمی سیاسی صورتحال بالخصوص غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق، اجلاس کے اختتام پر اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے، اس سے قبل ہائی لیول اسٹریٹیجک کونسل کا چھٹا اجلاس فروری 2020 میں منعقد ہوا تھا۔
ترک صدر کی آمد پر پاکستان ایئرفورس کے جے ایف-17 تھنڈر طیارے ان کے صدارتی طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پروٹوکول کے طور پر گھیرے میں لے لیں گے، جبکہ شاہراہ دستور کو ترکیہ کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔
ترک صدر 13 فروری کو اپنا دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس جائیں گے۔