بجلی صارفین پر سکیورٹی ڈیپازٹ کا بوجھ بڑھانے کی تیاری شروع کر دی گئیں۔
نیپرا میں ڈسکوز کے سکیورٹی ڈیپازٹس میں اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ 8 ڈسکوز کی جانب سے سکیورٹی ڈیپازٹ کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ ڈسکوز نمائندے کے مطابق تمام 8 ڈسکوز کی سکیورٹی ڈیپازٹ کی بنیادی میتھوڈولوجی ایک ہی ہے۔ 5 ڈسکوز نے سکیورٹی ڈیپازٹ پر ایک ہی پیرامیٹرز پر کام کیا ہے جبکہ قیسکو، ٹیکسو اور فیسکو نے کچھ مختلف پیرامیٹرز پر کام کیا ہے۔ سکیورٹی ڈیپازٹ کے حوالے سے فیسکو کے پیرا میٹرز زیادہ حقیقی ہیں۔
نیپرا ممبر رفیق احمد نے استفسار کیا کہ سکیورٹی ڈیپازٹ کیا ہے اورڈسکوز یہ صارفین سے کیوں لیتی ہیں؟۔ اس پر نمائندے نے بتایا کہ ہم کمپنیوں سے بجلی خریدتے ہیں اور آگے صارفین کو بیچتے ہیں۔ سکیورٹی ڈیپازٹ صارفین کے ڈیفالٹ کی صورت میں ہوتے ہیں۔ جب صارف کا کنیکشن کاٹنے کی نوبت آتی ہے تو 70 دن گزر چکے ہوتے ہیں۔ کنیکشن کاٹتے وقت 70 دنوں کی استعمال ہوئی بجلی کا نقصان ہوتا ہے۔ 70 دنوں کے نقصان سے بچنے کیلئے تحفظ کے طور پر سکیورٹی ڈیپازٹ ہوتا ہے۔
نمائندے نے مزید بتایا کہ سکیورٹی ڈیپازٹ اصل میں ڈیفالٹ آف بل کے خلاف ہوتے ہیں، سکیورٹی کے طور پر صارف کے اڑھائی ماہ کا بل اپنے پاس رکھتے ہیں۔