وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 4 سالہ دور اقتدار میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جشن سٹیم میں شرکت کی اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے، سکول کے بچوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپنے سکول یونیفارمز پر دستخط کرائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے آپ سب بچوں پر بہت فخر ہے، سرکاری سکولوں میں تعلیم پرائیویٹ سے بہت پیچھے ہے، سرکاری سکولوں کے بچوں میں بہت پوٹینشل ہے، تھوڑی سی توجہ دی جائے تو سرکاری سکولوں کے بچے پوری دنیا فتح کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پورے پنجاب سے بچے آئے ہیں، وزیر تعلیم رانا سکندر بچوں کیلئےدن رات کام کررہے ہیں، وزیرتعلیم کو کہا تھا بچوں کے مقابلے کرائیں تاکہ ان کی صلاحیت سامنے آئے، آج بچوں کا کام دیکھ کر میں حیران رہ گئی، کلین انرجی کے پراجیکٹس میں بچوں نے سمارٹ سٹی کا ماڈل بنایا ہوا تھا، یہاں 1100 بچے موجود ہیں، میں ان تمام 1100 بچوں کو ایک ایک لیپ ٹاپ دوں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب سے ان مقابلوں میں 2 لاکھ 75 ہزار بچوں نے حصہ لیا، آج ان 2لاکھ سے زائد بچوں میں سے 1100 ونرز یہاں موجود ہیں، بچے چھوٹے ہیں مگر ان کے خواب بہت بڑے ہیں، پنجاب کی مٹی بہت زرخیز ہے، بچوں کو کہا کچھ بھی ہوجائے خواب دیکھنے نہیں چھوڑنے، میں بطور وزیراعلیٰ تمام بچوں کی ماں ہوں، وعدہ ہے ہر روز آپ کیلئے کام کروں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کوشش کروں گی میرے بچوں کے تمام خواب پورے ہوں، جو بھی میرے پاس وسائل ہیں وہ سب آپ پر نچھاور کروں گی، پنجاب میں میرے پاس 49 ہزار سکول ہیں، کوشش ہے تمام سکولوں میں وسائل اور اچھا ماحول دیں، شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ 2008 میں آئی ٹی لیبز بنائی تھیں، میں کوشش کررہی ہوں تمام طلبہ کو جدید آئی ٹی لیبز ملیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے 30 ہزار بچوں کو سکالر شپس دیئے ہیں، جن بچوں کو سکالر شپس دیئے شاید وہ اس کے بغیر پڑھ نہ سکتے، میرٹ پر آنے والے بچوں نے بہت سی مجبوریاں بتائیں، میرٹ پر آنے والے 30 ہزار بچوں کو جب سکالر شپس دیئے تو بہت خوشی ہوئی، لوگوں کو لگتا ہے یہ سب پلانٹڈ ہے، میرا اور آپ کا پیار کا رشتہ لوگوں کو برداشت نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 4 سالہ دور حکومت میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا، مخالف پر چور ڈاکو کے طعنے کسنے والا آپ کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتا، طلبہ وعدہ کریں ملک کیخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے، کسی کے ذاتی مقاصد کیلئے ایندھن مت بننا، کچھ روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مجھ پر ذاتی حملہ کیا، یہ لوگ مخالفین پر ذاتی حملے کرتے ہیں، ان کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے نہ کہ ذاتیات پر حملہ کرنا۔