خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان المبارک میں ہر حلقے میں پانچ ہزار خاندانوں کو رمضان پیکج دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کا آزاد ڈیجیٹل کیساتھ گفتگو میں کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا حجم بہت بڑا تھا،جسے چلانا مشکل تھا لیکن اب دوبارہ تمام ترقیاتی کام شروع کر دئیےہیں۔ ہرشعبے میں کام کیا جارہا ہے۔ بڑے منصوبوں پر اس سال کام شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کا بجٹ 164 ارب روپے سرپلس ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت خسارے میں جارہی ہے۔ اس لئے انہیں کہتا ہوں کہ وہ ٹک ٹاک سے باہرآئیں اور اپنے اعداد و شمار پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی گزشتہ ایک سال کے دوران آمدن میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔صوبے کی آمدن بڑھی ہے،اس لئے اب اس کو عوام پر خرچ کرینگے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سال خصوصی توجہ فلاحی کاموں پر مرکوز کی جائے گی تاکہ لوگوں کو سہولیات ملے۔انہوں نے بتایا کہ زکوٰۃ اور جیل فنڈبڑھا دیا گیا ہے۔ زکوٰۃ فنڈ 12 ہزار سے 24 ہزار روپے کردیا ہے اسی طر ح جیل فنڈ 24 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران ہر حلقے کے 5 ہزار خاندانوں کو رمضان پیکج دیا جائے گا۔