اسلام آباد: دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم غیرقانونی پاکستانیوں کی ڈی پورٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، سینیگال اور دیگر ممالک سے 76 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ایک ہی دن میں کی گئی، جس میں 17 پاکستانیوں کو کراچی میں گرفتار کرکے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل (AHTC) منتقل کر دیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے بلیک لسٹ ہونے والے 3 افراد، بھیک مانگنے پر 4، منشیات کے کیسز میں ملوث 6 افراد، معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے 27، زائد المیعاد قیام پر 4، کام سے مفرور 2، جعلسازی میں ملوث 2 اور دیگر جرائم میں 2 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات سے منشیات کے کیسز میں ملوث 2 افراد، پاسپورٹ گمشدگی کے 2 کیسز اور جیل سے رہا ہونے والے 3 افراد کو واپس بھیجا گیا۔ اس کے علاوہ، سری لنکا میں امیگریشن سے انکار کرنے والے 1 پاکستانی، آذربائیجان سے 1، عراق میں زائد المیعاد قیام پر 1 اور ملائیشیا سے 2 افراد کو واپس بھیجا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق سینیگال سے 3 افراد اور امارات میں انسانی اسمگلنگ کے شعبے میں ملوث 2 پاکستانیوں کو حراست میں لے کر واپس بھیجا گیا، جنہیں انسداد ہیومن ٹریفک کنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور امارات سے مزید 12 افراد کو انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل (AHTC) منتقل کیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں پاکستانی حکام کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔