ایف بی آئی نے موبائل صارفین کو ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر انہیں کوئی مشکوک یا دھوکہ دہی پر مبنی پیغام موصول ہو تو فوری طور پر اسے ڈیلیٹ کر دیں۔ ایف بی آئی کے مطابق یہ فراڈ مختلف ریاستوں میں پھیل سکتا ہے اور اگر یہ ابھی تک آپ کے علاقے میں نہیں پہنچا تو جلد پہنچنے کے امکانات موجود ہیں۔
ایف بی آئی کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جعلساز ایک سادہ مگر مؤثر طریقہ کار استعمال کر رہے ہیں، جس کے تحت متاثرہ شخص کو کسی ایجنسی یا کمپنی کے نام پر ایک جعلی پیغام بھیجا جاتا ہے، جس میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان پر کچھ رقم واجب الادا ہے۔ پیغام میں ایک لنک فراہم کیا جاتا ہے، جس پر کلک کرنے کے بعد ایک جعلی ویب پیج کھلتا ہے، جہاں متاثرہ شخص سے بینک اکاؤنٹ، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات، یا ذاتی معلومات درج کرنے کو کہا جاتا ہے۔ جعلساز ان معلومات کو رقم ہتھیانے، شناخت چوری کرنے یا منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) نے بھی اس حوالے سے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی صارف کو ایسا کوئی پیغام موصول ہو تو ممکنہ طور پر یہ ایک دھوکہ دہی کا حربہ ہو سکتا ہے۔ اگر آپ لنک پر کلک کرتے ہیں تو نہ صرف آپ کے مالی وسائل کو نقصان پہنچ سکتا ہے بلکہ آپ کی شناختی معلومات، جیسے کہ ڈرائیونگ لائسنس نمبر، قومی شناختی معلومات اور بینک تفصیلات بھی چرائی جاسکتی ہیں۔
ایف بی آئی کے عہدیداروں نے تجویز دی ہے کہ صارفین کو چاہیے کہ وہ کسی بھی واجب الادا رقم کی تصدیق کے لیے صرف قانونی ویب سائٹ یا سرکاری نمائندے سے رجوع کریں، مشکوک پیغامات ہرگز نہ کھولیں، نہ ان پر کلک کریں اور فوراً ڈیلیٹ کر دیں۔ موبائل صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دوہری تصدیق (Two-Factor Authentication) اور جدید سیکیورٹی اپڈیٹس کا استعمال کریں تاکہ آن لائن کمیونیکیشن زیادہ محفوظ ہو۔
رپورٹ کے مطابق یہ جعلساز ٹول کمپنیوں، شپنگ کمپنیوں، ٹیکس ایجنسیوں اور امیگریشن سروسز کے نام پر بھی لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ان کا مقصد کریڈٹ کارڈ ڈیٹا چوری کرنا، موبائل والٹس میں محفوظ تفصیلات تک رسائی حاصل کرنا، یا جعلی کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنا ہے۔دسمبر 2024 میں “سالٹ ٹائیفون” کے نام سے مشہور ایک جعلی ہیکنگ گروپ نے امریکی ٹیلی کام کمپنیوں، بشمول AT&T، T-Mobile، اور Verizon کے صارفین کی جاسوسی شروع کر دی تھی۔ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ گروپ چین سے آپریٹ کر رہا تھا۔
ایف بی آئی نےکہا کہ موبائل صارفین کو ہر قسم کے آن لائن فراڈ اور اسکیمز سے بچنے کے لیے سیکیورٹی اپڈیٹس کو فعال رکھنا چاہیے۔ اس کے علاوہ موبائل ڈیوائسز کو محفوظ بنانے کے لیے ٹو فیکٹر تصدیق (2FA) کو فعال کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اگر آپ کو کوئی مشکوک پیغام موصول ہو تو اسے فوری طور پر رپورٹ کریں اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں۔