کراچی، پشاور: عام انتخابات کو ایک سال پورا ہونے پر تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور جلسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوابی میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا، جلسہ کی شرکت کے لئے پشاور، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن اور ملحقہ علاقوں کے قافلے روانہ ہوگئے ہیں۔
پارٹی حکام کے مطابق جلسہ میں شرکت کے لئے ہر حلقے سے کم از کم پانچ سو سے زائد ورکرز کو نکالا جائے گا۔ جلسہ کا آغاز 4 بجے متوقع ہے جس میں پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ دوسری جانب کراچی میں ہونے والے احتجاج کی قیادت کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔
عادل شیخ گروپ کراچی پریس کلب پر احتجاج کریگا، جبکہ پی ٹی آئی کراچی پختون گروپ حسن اسکوائر سمیت دیگر مقامات سے ریلیاں نکالنے گا، پی ٹی آئی پختون گروپ کی ریلیاں مزار قائد پہنچیں گی ۔ مزار قائد پہنچنے والی ریلیوں سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی خطاب کرینگے ۔