ایپل کی جانب سے اس سال کا سستا ترین آئی فون فروری کے دوسرے ہفتے میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کا دعویٰ بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
آئی فون ایس ای 4 کے بارے میں کئی ماہ سے لیکس اور افواہیں سامنے آرہی تھیں اور اب بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل آئی فون ایس ای 4 کو اگلے ہفتے لانچ کر سکتا ہے۔ تاہم ایپل نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایپل آئی فون ایس ای 4 کو متعارف کرانے کے لیے کوئی ایونٹ منعقد نہیں کرے گابلکہ اسے پریس ریلیز کے ذریعے لانچ کیا جائے گا۔
آئی فون ایس ای 4 فروری کے آخر تک صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ مختلف لیکس کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کا ڈیزائن اس سیریز کے دیگر فونز سے بہتر ہوگا۔ اس فون میں پہلی بار ہوم بٹن کو ہٹا دیا جائے گا اور آئی فون 14 جیسے فل اسکرین ڈیزائن کو اپنایا جائے گا، جبکہ فیس آئی ڈی کے لیے فرنٹ کیمرے کو نوچ ڈیزائن میں چھپایا جائے گا۔
افواہوں کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا اور اس میں اے 18 چپ موجود ہوگی جو گزشتہ سال کے آئی فون 16 اور 16 پلس میں استعمال کی گئی۔ بیک پر 48 میگا پکسل کا کیمرا اور فرنٹ پر 24 میگا پکسل کا کیمرا موجود ہونے کا امکان ہے۔
پہلی بار آئی فون ایس ای سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ دیے جانے کا امکان بھی ہےاور ایپل کی جانب سے خود تیار کیے گئے موڈیم کا استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ کہنا مشکل ہے۔
یاد رہے کہ ایپل نے پہلا آئی فون ایس ای 2016 میں متعارف کرایا تھا اور اس موقع پر کہا تھا کہ یہ ایک ایسا سستا آئی فون ہے جس میں مہنگے ماڈلز جیسے فیچرز موجود ہیں۔