پشاور: خیبرپختونخوا میں مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کے لیے 16 لاکھ افراد نے رجسٹریشن کرالی ہے۔ اس سکیم کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار افراد کو سولر سسٹم دیے جائیں گے اور دو مرحلوں میں یہ سولر سسٹم تقسیم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 65 ہزار افراد کو مفت سولر سسٹم ملے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی 65 ہزار افراد کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
محکمہ توانائی کے مطابق یہ اسکیم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد کے لیے مخصوص ہے، یعنی ان لوگوں کو سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا جو اس پروگرام کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ افراد بھی اس اسکیم کا فائدہ اٹھا سکیں گے جو 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔ ان افراد کو 50 فیصد سبسڈی پر سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
ایک سولر سسٹم کی کل مالیت تقریباً دو لاکھ روپے ہے اور درخواستوں کی آخری تاریخ کے بعد ان درخواستوں کا سکروٹنی کا عمل شروع ہوگا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صرف اہل افراد کو اس سکیم کا فائدہ ملے۔
یہ اقدام صوبے میں بجلی کے بحران کو کم کرنے اور ماحول دوست توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے ذریعے عوام کو سستی اور صاف توانائی فراہم کی جائے گی، جس سے نہ صرف توانائی کے بحران میں کمی آئے گی بلکہ عوام کے مالی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔