شکاگو پاکستان قونصلیٹ میں کشمیر پر سیمینار، عالمی برادری مسئلہ حل کرائے

شکاگو پاکستان قونصلیٹ میں کشمیر پر سیمینار، عالمی برادری مسئلہ حل کرائے

شکاگو میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا جس میں انسانی حقوق کے سرکردہ کارکنوں، کمیونٹی لیڈروں، کشمیری کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

‎تفصیلات کے مطابق سیمینار سے قونصل جنرل طارق کریم، ایسٹ ویسٹ یونیورسٹی کے ڈین ظفر ملک، اقبال سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ٹیپو صدیق ، ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز بولنگ بروک کے صدر طلعت رشید ،کشمیر کے ہمدرد رضی اللہ خان نے خطاب کیا۔

مقررین نے جموں و کشمیر تنازعہ کے مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر ‎کے لوگوں کے ساتھ اپنی یکجہتی وحمایت کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کے حل میں فعال کردار ادا کرے۔

طارق کریم نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں اورمقبوضہ کشمیرمیں بگڑتی انسانی حقوق کی صورتحال پر روشنی ڈالی جس میں مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی بھارتی کوششیں بھی شامل ہیںَ

قونصل جنرل طارق کریم نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے قدم اٹھائے۔

انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ معصوم کشمیریوں کی حمایت میں فعال کردار ادا کریں۔

‎قونصلیٹ میں 3 روزہ تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا گیاجس میں مسئلہ کشمیر کی مختلف جہتوں،مقبوضہ کشمیرمیں بگڑتی انسانی صورتحال کو اجاگر کرنے والی تصاویر نمائش کے لئے رکھی گئیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *