وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج یوٹیلیٹی اسٹورز کے بغیر لانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں بے پناہ شکایات آئیں تھی۔ اس بار مائنس یوٹیلیٹی اسٹورز رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کرپشن کو روکا جاسکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوری میں مہنگائی کم ترین شرح پر آنے پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، اُن کی ٹیم اور ایف بی آر سے تشکر کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کو گوادر کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، جس کے بعد وزیر اعظم نے گوادر پورٹ کو کمرشل بنیادوں پر آپریشنلائز کرنے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے گوادر پورٹ کی آپریشنلائزیشن کے حوالےسے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت کی جو کہ گوادر پورٹ کو ایک جدید اور مکمل فعال بندرگاہ بنانے کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
وزیر اعظم نے گوادر پورٹ کی افادیت سے آگاہی کے حوالے سے انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کرنے کے احکامات جاری کئے۔
انہوں نے کہا کہ گودار پورٹ کے حوالے سے بہترین مارکیٹنگ اور آگاہی کی حکمت عملی بنائی جائے اور گوادر پورٹ کے حوالے سے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں۔ وزیر اعظم نے گوادر پورٹ سے کی جانے والی درآمدات اور بر آمدات کی تفصیل بھی طلب کر لی۔