وفاقی حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر 5 فروری 2025 کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 5 فروری بروز بدھ یومِ کشمیر کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ اس دن پورے ملک میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، جس میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔
اس موقع پر شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔ حکومت نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس دن کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنے اتحاد اور حمایت کا اظہار کریں۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کے اعلان کے مطابق 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر اس کے دفاتر بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی کی ماتحت عدالتوں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہوگی اور سیشن، سول، فیملی عدالتوں سمیت ہائی کورٹ میں بھی تعطیل ہوگی۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سال کے آغاز میں سال بھر کی تعطیلات کا کلینڈر جاری کیا تھا، جس کے مطابق 5 فروری کو وفاقی تعطیل ہے، اور اسی کے تحت ملک بھر کے تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔