سعودی عرب میں واٹس ایپ کے صارفین چھ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ وائس اور ویڈیو کال کرنے کے قابل ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہری چھ سال کے بعد اب واٹس ایپ پر ویڈیو کال کرسکیں گے لیکن یہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ آیا یہ تبدیلی مستقل ہوگی یا عارضی ثابت ہوگی۔
واٹس ایپ کے ذریعے وائس اور ویڈیو کالز پر سے پابندیاں ہٹانا حیران کن ہے کیونکہ سعودی حکام کی جانب سے اس سے قبل کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کے ماہر عبداللہ الصبیعی نے کہا کہ یہ اقدام ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں سے ہم آہنگ ہے اور ممکنہ طور پر صارفین کے لیے مواصلات کو بہتر بنائے گا۔
دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے 2015 میں وائس کالز اور 2016 میں ویڈیو کالز متعارف کروائی تھیں۔ تاہم ریگولیٹری پالیسیوں کی وجہ سے سعودی عرب میں یہ فیچرز 2019 میں بلاک کر دیے گئے تھے۔
اگرچہ صارفین اس تبدیلی کا خیرمقدم کر رہے ہیں، فیچر کی طویل مدتی دستیابی پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے کیونکہ کوئی حکومتی تصدیق فراہم نہیں کی گئی ہے۔