سعودی عرب میں پاکستانی روپے اور بنگلہ دیشی ٹکے کے مقابلے میں سعودی ریال کی قدر کم ہوگئی جبکہ بھارتی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں سعودی ریال 8 پیسے سستا ہوگیا ہے، جس کے بعد ایک سعودی ریال کا نرخ 74.22 روپے تک پہنچ گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بھارتی روپے کے مقابلے میں سعودی ریال 2 پیسے مہنگا ہوگیا اور اب ایک سعودی ریال کا نرخ 23.00 روپے تک پہنچ چکا ہے۔
بنگلہ دیشی ٹکے کے مقابلے میں بھی سعودی ریال کی قدر میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک سعودی ریال کا نرخ 32.50 بنگلہ دیشی ٹکے تک پہنچ گیا، جو کہ 2 پویشہ کمی کا شکار ہوا۔ سعودی عرب کے مختلف ٹرانزیکشن سینٹرز نے پیر 27 جنوری 2025ء کے روز سعودی ریال کے ایکسچینج ریٹ اور ٹرانزیکشن فیس کے حوالے سے اطلاعات فراہم کیں، جس کے مطابق یہ تبدیلیاں مارکیٹ میں رونما ہوئی ہیں۔
دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو گیا۔ انٹربینک کاروبار کے آغاز پر ڈالر چار پیسے سستا ہو گیا تھا لیکن کاروبار کے اختتام پر ڈا لر کی قدر میں 11 پیسے کا اضافہ ہوا۔
اس اضافے کے بعد انٹر بینک میں ڈالر278 روپے 83 پیسے کی سطح پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قد ر 13 پیسے کے اضافے سے 281 روپے 04 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔