پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ جب تک عمران خان علی امین گنڈاپور سے مطمئن ہیں، وہ وزیراعلیٰ برقرار رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی جنید اکبر خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کٹھن وقت میں پارٹی کی قیادت سنبھالی، اس وقت کوئی بھی پارٹی قیادت کو سنبھالنے کو تیار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان مطمئن ہوں گے، علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ برقرار رہیں گے۔ اگر عمران خان مطمئن نہ ہوئے تو وہ وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے بعد دیکھیں گے کہ پارٹی سیٹ اپ تبدیل کرنا ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی ہر ضلع کا دورہ کروں ،علی امین گنڈاپور کو وقت نہیں ملا۔ وہ وزیراعلیٰ کی ذمہ داریوں کے باعث ہر ضلع کا دورہ نہیں کر سکے۔