پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے قوم کو پیغام دیا ہے کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ملک کا سوچنے والوں کو کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پارٹی نے یہ پیغام بھی دیا ہے کہ یہ وقت آپس کی لڑائیاں لڑنے کا نہیں ہے بلکہ ہمیں متحد ہو کر پاکستان کیلئے پُرامن جدوجہد جاری رکھنا ہو گی ۔
جس میں ہم سب اور پاکستان جیتے اور اس ملک میں انصاف کا بول بالا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی ڈٹ کر عمران خان کیساتھ کھڑی ہیں اور کروڑوں، اربوں روپے لگا کر منفی بیانیہ بنانے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
عمران خان کی اہلیہ نے مختلف مواقعوں پر عمران خان کی طاقت ہونے کا ثبوت بھی دیا ہے، بشریٰ بی بی کا یہ عزم نام نہاد طاقتور حکمران خاندان کے منہ پر طمانچہ ہے انہوں نے کہا کہ جو لوگ عمران خان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں وہ ان کا ایک بال بھی بیکا نہیں کر سکتے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک راج کماری جس کو کھیلنے کیلئے صوبہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ شپ دیدی گئی ان کے لئے بھی پیغام ہے آپ بشریٰ بی بی کی کردار کشی کرتے کرتے تھک جائوگی لیکن یہ سازشی تھیوریاں کبھی سچ ثابت نہیں ہو گی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نےعمران خان اور بشریٰ بی بی کو ساتھ رہنے کے لیے چنا ہے ،جب تک ان کی زندگی باقی ہے وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے ۔